اسرائیلی فوج نے فلسطینی تنظیموں کے ساتھ مصرکی نگرانی میں پچیس اگست کو طےجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں شروع کر دی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے غزہ کے ساحل کے قریب ماہی گیری کرنے والے دو شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں ماہی گیروںکی گرفتاری جنگ بندی معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ:"صہیونی بحریہ نے شمالی غزہ میں بیت لاھیا کے مقام پر سمندر میں فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں کو گھیرے میں لے کر ان پر فائرنگ کی۔
کارروائی میں دو فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا گیا اور کئی کشتیوں کو اسدود بندرگاہ کی طرف لے جایا گیا ہے۔"
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی بحریہ نے فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر متعدد دستی بم بھی پھینکے جس کے نتیجے میں متعدد کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم صہیونی جارحیت میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
قبل ازیں منگل کو بھی جنوبی غزہ میں خان یونس کے قریب سمندر میں متمرکز اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کی تھی۔ تاہم ماہی گیر اپنی کشتیوں کو بھگا کر واپس لے آئے تھے۔